21 اگست 2013 - 19:30
پاکستان میں ضمنی انتخابات، خواتین کو بعض حلقوں میں ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا

پاکستان میں آج ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ہوئي۔

ابنا: پاکستان میں آج ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ہوئي۔ پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ قومی اور صوبائي اسمبلیوں کی اکتالیس سے زائد سیٹوں کے لئے پانچ سو امیدوار میدان میں ہیں مجموعی طور پر پچاسی لاکھ سے زائد افراد حق رائے دہی کے حامل تھے جنہوں نے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالے۔پاکستانی ذرا‏ئع کے مطابق یہ انتخابات ملک کے سب سےبڑے ضمنی انتخابات تھے۔ ضمنی انتخابات کے لئے چھے ہزار سات سو بیاسی پولنگ بوتھ قائم کئےگئے تھے اور ان پر پچاس ہزار سےزائد سکیورٹی فورسز تعینات کی گئي تھیں۔ دھاندلی کرنے والوں کو موقع پر سزا دینے کے لئے پریزائنڈنگ افسروں سمیت فوج، ایف سی اور رینجرز کے افسروں کو درجہ اول مجسٹریٹ کے اختیارات دئے گئےتھے۔ادھر نوشہرہ، پنڈی بھٹیاں اور میانوالی میں مقامی علماء اور علاقائی عمائدین نے مختلف حلقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق قبائلی مشاران نے مبینہ طور پر سیاسی جماعتوں کی حمایت سے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی عمائدین اور سیاسی رہنماؤں میں اس بات پر معاہدہ ہوگیا ہے کہ خواتین ضمنی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالیں گی۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ خواتیں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا غیر آئینی ہے، جس پر کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران میڈیا کو کوریج کرنے سے نہ روکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پریزئیڈنگ افسران خواتیں کے ووٹوں کی علیحدہ گنتی کریں گے، تاکہ معلوم ہوسکے کہ کتنی خواتین نے ووٹ ڈالا ہے۔ ذرائع کے مطابق زبانی معاہدے میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں بھی خیبر پختونخوا اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں قبائلی عمائدین اور سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں نے مبینہ طور پر مشترکہ طور پر خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کر دیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲